بجلی کی طویل بندش پر ناظم آباد کے مکین سراپا احتجاج، سڑکوں پر نکل آئے
کراچی(این این آئی)شہر قائد کے علاقے ناظم آباد نمبر 2 میں 24 گھنٹے سے زائد بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے اور سڑکوں پر نکل کر بجلی کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے کہا کہ شدید گرمی میں طویل دورانیے کی بجلی کی بندش نے زندگی اجیرن کردی ہے ، بجلی نہ ہونے کے باعث پانی کی قلت پیدا ہوگئی جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق مسلسل بجلی کی عدم فراہمی سے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہیں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں نے کہا کہ بجلی کی طویل بندش اب ناقابل برداشت ہوچکی ہے اور متعلقہ اداروں کو شہریوں کی مشکلات کا فوری نوٹس لینا چاہیے ۔احتجاج کے دوران شہریوں نے بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے نعرے بھی لگائے اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں بجلی کی بندش کی وجوہات دور کرکے فوری طور پر بجلی بحال کی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments