اتحاد ٹاؤن میں پولیس مقابلہ، دو بھتہ خور ہلاک
ملزمان سے رائفل، پستول، موبائل فونز اور 2 لاکھ 19 ہزار روپے برآمد دو ملزمان فرار،گلشنِ غازی کے علاقے سے موٹر سائیکل چھیننے کا بھی شبہ
کراچی (این این آئی)ضلع کیماڑی کے تھانہ اتحاد ٹاؤن کی حدود میں پولیس اور چار مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو ملزمان ہلاک جبکہ ان کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے ۔ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچنگ اور دیگر قانونی کارروائی جاری ہے ۔ہلاک ملزمان کے قبضے سے ایک رائفل، ایک پستول، ایمونیشن، دو موبائل فونز، تین مختلف شناختی کارڈز اور ایک بیگ سے 2 لاکھ 19 ہزار روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق مذکورہ ملزمان کا تعلق ایک ایسے بین الصوبائی گروہ سے ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں جو بلدیہ ڈویژن میں تاجروں سے بھتہ طلب کرنے سمیت دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ اس حوالے سے مزید تفتیش اور شواہد کی تصدیق جاری ہے ۔ابتدائی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ گزشتہ ماہ تھانہ اتحاد ٹاؤن کی حدود میں واقع دلپسند ریسٹورنٹ کے مالک سے بیرونِ ملک نمبر کے ذریعے بھتہ طلب کیا گیا تھا اور بعد ازاں ریسٹورنٹ پر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔اسی طرح نومی کلاسک برگر پوائنٹ، بخاری اسٹیل مل اور عابد سویٹس کے مالکان سے بھی بیرونِ ملک نمبر کے ذریعے بھتہ طلب کرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے ۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق مذکورہ گروہ کے ارکان پر گزشتہ ماہ پولیس سے مشابہ یونیفارم پہن کر گلشنِ غازی، اتحاد ٹاؤن کے علاقے سے 125 موٹر سائیکل چھیننے کا بھی شبہ ہے ، جس کے متعلق مقدمہ الزام نمبر 210/26 تھانہ اتحاد ٹاؤن میں درج ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments