پنگریو :سینئر صحافی کی گرفتاری،مقدمے کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال

پنگریو :سینئر صحافی کی گرفتاری،مقدمے کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال

تمام کاروباری و تجارتی مراکز بند، ٹرانسپورٹ کم ہونے سے شہریوں کو مشکلات پولیس کارروائی صحافیوں کو دبانے کیلئے ، جوڈیشل انکوائری کرائی جائے ، مظاہرین

پنگریو (نمائندہ دنیا) پنگریوکے سینئر صحافی پیر علی مراد شاہ کی گرفتاری اور ان پر درج مقدمے کے خلاف سیاسی و قوم پرست تنظیموں کی اپیل پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، جس میں تمام کاروباری و تجارتی مراکز بند رہے جبکہ ٹرانسپورٹ معمول سے کم ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہڑتال اور احتجاج کے دوران صحافیوں، تاجروں، سیاسی و سماجی کارکنوں، قوم پرست تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے پیر علی مراد شاہ کی گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے مقدمہ واپس لینے اور انہیں فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے سلسلے میں شادی اسمال واہ پل سے پنگریو پریس کلب تک نورحسن ، بشیراحمدکھوسو، حاکم ،شاہ گل محمد ودیگر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

ریلی کے دوران پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ پریس کلب پہنچنے کے بعد مظاہرین نے دھرنا دیا اور پیر علی مراد شاہ کی گرفتاری کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ پیر علی مراد شاہ سینئر صحافی ہیں اور ان کے خلاف ڈکیتی کے ارادے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت سنگین دفعات کے تحت مقدمے بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صحافیوں کو دباؤ میں لانے کے لیے پولیس کارروائی کی گئی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ کی غیر جانبدارانہ اور شفاف جوڈیشل انکوائری کرائی جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...