نوجوان معاشرے کا قیمتی اثاثہ ، روشن مستقبل کی ضمانت ،میئر

نوجوان معاشرے کا قیمتی اثاثہ ، روشن مستقبل کی ضمانت ،میئر

بااختیار بنانے اور شہری ترقی کے عمل میں شامل کرنے کیلئے عملی اقدامات ناگزیر مرتضی وہاب سے عالمی یومِ نوجوانان پرپاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے وفد کی ملاقات

کراچی(اے پی پی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی اثاثہ اور ملک و شہر کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں شہری ترقی کے عمل میں موثر طور پر شامل کرنے کیلئے عملی اقدامات ضروری ہیں۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے عالمی یومِ نوجوانان کے موقع پر پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی ۔ ملاقات میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے ، شہری امور میں ان کی شمولیت، ماحولیاتی تحفظ اور کراچی کی ترقی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے موقع پر حلف برداری کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے اراکین نے ذمہ دارانہ نوجوان قیادت، شہری ذمہ داری اور عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفد نے کراچی کے نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے اور شہری ترقی میں نوجوانوں کی شمولیت کو موثر بنانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ وفد نے تجویز پیش کی کہ نوجوانوں کے لیے کو ورکنگ سپیسز قائم کیے جائیں، دستیاب جگہ اور وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اضلاع میں مرحلہ وار ایسے مراکز قائم کیے جاسکتے ہیں جہاں ہنرمندی پر مبنی ورکشاپس اور تربیتی پروگرام بھی منعقد ہوں ۔میئر نے وفد کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو سراہتے ہوئے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ ان امور کو مزید رابطہ کاری اور مشاورت کے ذریعے آگے بڑھایا جائیگا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...