آزادی کا جشن: چراغاں ، ریلیاں، فضا نغموں سے گونجتی رہی

 آزادی  کا جشن: چراغاں ، ریلیاں، فضا نغموں سے گونجتی رہی

شہر کے مختلف مقامات پرشاندار آتش بازی ،دن بھرشہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکلی،گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز پر بھی قومی پرچم لہراتے رہےمساجد میں ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعائیں،یوم آزادی کی تقریبات میں پرچم کشائی، ملی نغموں، کیک کاٹنے اور بچوں کے مختلف پروگراموں کا اہتمام

کراچی (این این آئی)شہرقائد میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ یومِ آزادی کے موقع پر شہر کی سرکاری و نجی عمارتیں، شاہراہیں، بازار اور اہم مقامات سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجائی گئی تھیں جبکہ مختلف علاقوں میں چراغاں، آتش بازی، ریلیوں اور جشنِ آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔رات 12 بجتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں جشنِ آزادی کا آغاز ہوگیا تھا۔ کراچی کے مختلف مقامات پر آتش بازی کی گئی اور شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی تھی۔ فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں اور ملی نغموں سے گونجتی رہی جبکہ شہریوں نے قومی پرچم لہرا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔جشنِ آزادی کے موقع پر شہر کی اہم شاہراہوں، تجارتی مراکز، سرکاری و نجی اداروں اور رہائشی علاقوں میں سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیاں لگائی گئی تھیں۔ متعدد عمارتوں پر برقی قمقموں سے چراغاں کیا گیا تھا جس کے باعث شہر کا منظر دلکش دکھائی دے رہا تھا۔ گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز پر بھی قومی پرچم لہراتے نظر آئے ۔یومِ آزادی کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا تھا۔ مختلف مساجد میں ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئی تھیں۔

کراچی میں یومِ آزادی کی مرکزی روایتی تقریبات میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی تھی جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے تھے ۔شہر کے مختلف علاقوں میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز، سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں اور دیگر تنظیموں کی جانب سے بھی یومِ آزادی کی تقریبات منعقد کی گئی تھیں۔ ان تقریبات میں پرچم کشائی، ملی نغموں، کیک کاٹنے اور بچوں کے مختلف پروگرامز کا اہتمام کیا گیا تھا۔بچوں اور نوجوانوں نے سبز و سفید لباس پہن کر، ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا کر اور ملی نغمے گا کر جشنِ آزادی میں بھرپور شرکت کی تھی۔ شہری خاندانوں کے ہمراہ مختلف مقامات پر پہنچے اور قومی دن کی خوشیوں میں شریک ہوئے تھے ۔کراچی میں یومِ آزادی کے موقع پر مجموعی طور پر قومی یکجہتی، حب الوطنی اور وطن سے محبت کے جذبات نمایاں رہے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور پاکستان کی ترقی، سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...