مون سون میں آنکھوں کے انفیکشن کا خطرہ ، احتیاط کی ہدایت

مون سون میں آنکھوں کے انفیکشن کا خطرہ ، احتیاط کی ہدایت

نمی، گردوغبار اورآلودہ پانی سے آنکھیں بیکٹیریا سے زیادہ متاثر ہوتی ہیںجلن یا سوجن کی صورت میں فوری ماہرِ امراض چشم سے رجوع کریں،ماہرین

کراچی(این این آئی)مون سون کے موسم میں جہاں مختلف متعدی امراض کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ، وہیں آنکھوں کے انفیکشن کے کیسز میں بھی اضافہ دیکھنے میں آتا ہے ۔ ماہرینِ امراضِ چشم کے مطابق فضا میں نمی، گردوغبار، آلودہ پانی اور جراثیم کی افزائش کے باعث آنکھیں بیکٹیریا اور وائرس سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں، اس لیے اس موسم میں خصوصی احتیاط ضروری ہے ۔ماہرین نے کہا کہ برسات کے دنوں میں آنکھوں کے انفیکشن کی عام علامات میں آنکھوں کا سرخ ہونا، سوزش، درد، جلن، مسلسل پانی آنا، خارش اور دھندلا دکھائی دینا شامل ہیں۔ اگر یہ علامات شدت اختیار کر جائیں یا کئی روز تک برقرار رہیں تو فوری طور پر ماہرِ امراضِ چشم سے رجوع کرنا چاہیے ۔طبی ماہرین کے مطابق آنکھوں کو انفیکشن سے محفوظ رکھنے کے لیے ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھونا، گندے ہاتھوں سے آنکھوں کو نہ چھونا اور ذاتی صفائی کا خاص خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے ۔ آنکھوں میں خارش یا جلن کی صورت میں انہیں رگڑنے سے گریز کرنا چاہیے ، کیونکہ اس سے جراثیم مزید پھیل سکتے ہیں اور انفیکشن کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ آنکھ صاف کرنے کے لیے ہمیشہ صاف ٹشو یا دھلا ہوا رومال استعمال کیا جائے ۔ماہرین کے مطابق آنکھوں میں سوزش یا تکلیف کی صورت میں چند منٹ کے لیے صاف اور نیم گرم کپڑا آنکھوں پر رکھنے سے وقتی آرام مل سکتا ہے ، تاہم یہ طریقہ علاج کا متبادل نہیں۔ اگر علامات برقرار رہیں تو خود سے ادویات استعمال کرنے کے بجائے ڈاکٹر کے مشورے سے مناسب آئی ڈراپس یا دیگر علاج اختیار کرنا چاہیے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...