منشیات برآمدگی مقدمے کے ملزمان کی سزائیں کالعدم قرار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے منشیات کے مقدمے میں ماتحت عدالت سے 14،14 سال قید اور جرمانے کی سزا پانے والے تین ملزمان کو بری کردیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان کے دفعہ 342 کے بیانات ریکارڈ کرتے وقت کیمیکل تجزیے کی رپورٹ ان کے سامنے پیش ہی نہیں کی گئی، اس لیے اس اہم شہادت کو ان کے خلاف استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ جسٹس عمر سیال اور جسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے علی مرتضیٰ، ارسلان اور عین الدین کی جانب سے دائر تین الگ الگ اپیلوں پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے تینوں اپیلیں منظور کرتے ہوئے ملزمان کو مقدمے کے الزام سے بری کردیا۔ علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے 20 کلو گرام ہیروئن برآمدگی کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے ملزم عامر محمد اقبال پٹنی کو بری کردیا۔ جسٹس عمر سیال اور جسٹس شمس الدین عباس پر مشتمل سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے عامر اقبال پٹنی کی جانب سے دائر اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ استغاثہ محفوظ تحویل اور منشیات کی منتقلی کا سلسلہ ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments