نوجوان اے آئی اور آئی ٹی کی طرف ہجرت کریں، گورنر سندھ
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت روزگار، قرضے و لیپ ٹاپ کی سہولتیں موجود این جے وی اسکول میں تاریخی دستور ساز اسمبلی ہال کا دورہ، ورثے کے تحفظ پر زور
کراچی (آئی این پی)گورنر سندھ نہال ہاشمی نے این جے وی اسکول کا دورہ کیا جہاں این جے وی اسکول مینجمنٹ نے ان کا خیرمقدم کیا۔دورے کے دوران گورنر سندھ نے کلاس رومز، لائبریری، کھیل کے میدان، آرٹس اینڈ کلچر اور سائنس لیب کا معائنہ کیا، انہیں اسکول میں فراہم کی جانے والی تعلیمی و دیگر سہولیات، تعلیمی سرگرمیوں اور ادارے کی تاریخ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گورنر سندھ نے اسکول کے اس تاریخی ہال کا بھی دورہ کیا جہاں پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی کے اجلاس منعقد ہوئے تھے ۔ انہوں نے تاریخی ورثے کے تحفظ اور نئی نسل کو اس سے آگاہ کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر طلبہ و طالبات اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے بہتر مستقبل کی تلاش میں پاکستان کی طرف ہجرت کی تھی، آج کے نوجوانوں کو ترقی اور روشن مستقبل کیلئے اے آئی اور آئی ٹی کی طرف ہجرت کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کیلئے روزگار، قرضوں، لیپ ٹاپ اور دیگر سہولتوں کے مواقع موجود ہیں، نوجوان ان سہولتوں سے استفادہ کرنے کیلئے وزیراعظم کے ڈیجیٹل یوتھ ہب سے رجوع کریں۔اس موقع پر طلبہ و طالبات نے مختلف موضوعات پر سوالات کیے جن کے گورنر نے تفصیلی جوابات دیے ۔چائلڈ لیبر کے خاتمے سے متعلق سوال پر گورنر نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مؤثراور عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments