لیاری میں 5 منزلہ عمارت زمیں بوس، تمام افراد محفوظ
متاثرہ عمارت کو پہلے خالی کروا لیا گیا تھا،گرانے کا کام جاری تھا،علاقہ مکینملحقہ دو عمارتوں کو نقصان، رہائشیوں کو نکال کر ملبہ ہٹانے کا کام شروع
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) لیاری بغدادی کلری پولیس اسٹیشن کے قریب ایک پانچ منزلہ مخدوش عمارت رات گئے اچانک منہدم ہو گئی۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق لیاری نیا آباد گلی نمبر تین حاجیانی مسجد کے قریب قائم 5منزلہ مخدوش عمارت پیر اور منگل کی درمیانی شب اچانک گر گئی جس کے نتیجے میں اطراف کے مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو اطلاع ملتے ہی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ڈیزاسٹر رسپانس وہیکل اور ایمبولینس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت کو کچھ ماہ قبل ہی رہائشیوں سے خالی کروا لیا گیا تھا اور اسے توڑنے کا کام جاری تھا۔
عمارت کی بالائی دو منزلیں پہلے ہی گرا دی گئی تھیں۔عمارت گرنے سے متصل دو رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ملحقہ فلیٹوں کے دروازے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں جبکہ ملبہ فلیٹوں میں جا گرا۔ احتیاطاً متاثرہ عمارت سے متصل دونوں عمارتوں کو بھی رہائشیوں سے خالی کروا لیا گیا ۔پولیس اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام نے جائے وقوعہ کا دورہ کر کے ملبہ ہٹانے اور مزید تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ یوسی چیئرمین نیا آباد اسلم میمن نے کہا کہ عمارت پرانی تھی، ایک ماہ سے خالی تھی۔ اسلم میمن نے بتایا کہ بلڈر عمارت گرا رہا تھا، گرنے والی عمارت کے سامنے والی عمارت کو زیادہ نقصان پہنچا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments