میر رضا کے قتل کیخلاف پاسبان کا مظاہرہ، نعرے بازی

میر رضا کے قتل کیخلاف پاسبان کا مظاہرہ، نعرے بازی

پولیس قتل کی شفاف تفتیش ،اصل قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائےحکومت اور پولیس کے اعلیٰ حکام تفتیش کی خود نگرانی کریں،عبدالحاکم

کراچی(این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائدکی زیر قیادت، ڈسٹرکٹ کورنگی کے زیر اہتمام میر رضا کے بہیمانہ قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں پاسبان کے سینئر رہنما حامد صدیقی، ضلع کورنگی کے صدر شاکر علی، جنرل سیکریٹری نعیم ربانی، سینئر نائب صدر ظفر اقبال سمیت کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور میر رضا کے قتل کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عبدالحاکم قائد نے کہا کہ میر رضا کا بہیمانہ قتل شہریوں کے تحفظ کے دعوؤں پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ پولیس اور متعلقہ ادارے قتل کے اس سنگین واقعے کی شفاف اور مؤثر تفتیش کرتے ہوئے اصل قاتلوں تک پہنچیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میر رضا کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے ۔ حکومت سندھ اور پولیس کے اعلیٰ حکام میر رضا قتل کیس کی تفتیش کی خود نگرانی کریں۔ تمام شواہد کو محفوظ بنایا جائے ۔ ملزمان اور ان کے سہولتکاروں کو گرفتار کیا جائے اور مقتول کے اہل خانہ کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ تفتیش میں غفلت یا تاخیر قاتلوں کو مزید حوصلہ دے گی اور مقتول کے خاندان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...