شعبہ صحت جدید خطوط پراستوار کرنے کیلئے اہم اقدامات کا اعلان
الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ، ذہنی صحت، بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص ممکن ہوگی،وزیر صحت
کراچی(این این آئی)سندھ حکومت نے صوبے میں صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ، ذہنی صحت، بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص اور جدید طبی سہولیات سے متعلق متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے ۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ کے زیر اہتمام سرطان سے آگاہی سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی صحت کے مسائل کی بروقت تشخیص، خواتین میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی حکومتی ترجیحات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ذہنی صحت، ڈپریشن کی ابتدائی علامات کی نشاندہی کیلئے تربیت دی جارہی ہے، جبکہ حمل کے بعد خواتین میں پیدا ذہنی مسائل کی بروقت تشخیص پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ کمیونٹی ہیلتھ ورکرز کی تعداد میں اضافہ کرکے انہیں بریسٹ کینسر کی ابتدائی علامات سے آگاہی، خواتین کو بریسٹ میں گانٹھ کی خود جانچ کے طریقوں سے متعلق تربیت دی جائیگی۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ذہنی صحت کے شعبے میں مستند، جامع ڈیٹا رجسٹری کی ضرورت ہے ۔ ذہنی صحت کی سہولیات کواضلاع تک پہنچانے کیلئے ٹیلی ہیلتھ اور ٹیلی تھراپی سروس شروع کرنے پر بھی کام جاری ہے ۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ سرکاری شعبے میں بچوں اور نومولودوں کے لیے آئی سی یو کی سہولت کا قیام سندھ حکومت کی اہم پیش رفت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments