لوڈشیڈنگ پر احتجاج، پتھراؤ سے 3 پولیس اہلکار زخمی

لوڈشیڈنگ پر احتجاج، پتھراؤ سے 3 پولیس اہلکار زخمی

منگھوپیرکے مکین بجلی کی عدم فراہمی پر سڑکوں پر آگئے ،بدترین ٹریفک جام زخمی اہلکار اسپتال منتقل، ملوث افراد کی سی سی ٹی وی کی مدد سے شناخت جاری

کراچی(این این آئی) منگھوپیر کے علاقے نیو ناظم آباد میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں کے احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کردیا، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ان کی شناخت کا عمل شروع کردیا۔پولیس کے مطابق نیو ناظم آباد اور اطراف کے علاقوں میں بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے منگھوپیر روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی بھی متاثر کردی، جس کے باعث سڑک پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پولیس حکام کے مطابق احتجاج کے دوران صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب بعض مشتعل مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کردیا۔ پتھراؤ کی زد میں آکر ہیڈ کانسٹیبل سعد الرحمان، کانسٹیبل غلام رسول اور کانسٹیبل شہباز علی زخمی ہوگئے ۔زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔پولیس حکام نے کہا کہ مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ اور سرکاری اہلکاروں کو زخمی کرنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ پولیس نے موقع پر کیمروں کی فوٹیج حاصل کرکے پتھراؤ میں ملوث افراد کی شناخت شروع کردی ہے ۔واضح رہے کہ مختلف علاقوں میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پراحتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...