شہر میں نئی سڑکوں پر کیٹ آئیز لگانے پر پابندی
سڑک کے مخصوص کناروں پر حفاظتی کیٹ آئیز لگانے کی اجازت ہو گی ، اخراجات میں اضافہ کیساتھ گاڑیوں کے ٹائروں کو نقصان پہنچنے کی شکایات بھی سامنے آتی رہیںفاسٹ اور سلو لین کے اختتامی کناروں پر بھی ضرورت کیمطابق حفاظتی کیٹ آئیز کی گنجائش ہوگی ،ڈی جی کی انجینئرنگ ونگ کو فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت
لاہور ( شیخ زین العابدین )لاہور میں نئی سڑکوں کی تعمیر کے دوران کیٹ آئیز کی تنصیب پر پابندی عائد کر دی گئی، ایل ڈی اے نے سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ ماڈل کے تحت نئی پالیسی نافذ کر دی۔آئندہ تعمیر ہونے والی سڑکوں اور 15 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں میں سڑک کے درمیان کیٹ آئیز نہیں لگائی جائیں گی۔ڈی جی ایل ڈی اے نے انجینئرنگ ونگ کو فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے ، تاہم سڑک کے مخصوص کناروں پر حفاظتی کیٹ آئیز لگانے کی اجازت ہو گی ۔ تفصیلات کے مطابق ماضی میں سڑکوں کے درمیان کیٹ آئیز کی تنصیب معمول کا حصہ رہی، تاہم ان کی تنصیب سے تعمیراتی اخراجات میں اضافہ ہونے کے ساتھ گاڑیوں کے ٹائروں کو نقصان پہنچنے کی شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ سڑک کی سطح پر نصب کی جانے والی کیٹ آئیز کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور بعض صورتحال میں حادثات کے خدشات بھی ظاہر کیے جاتے رہے ہیں۔ایل ڈی اے نے انہی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی سڑکوں کے ڈیزائن میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے ۔نئی ہدایات کے مطابق سڑک کے درمیان، یعنی مرکزی حصے میں کیٹ آئیز لگانے کی اجازت نہیں ہو گی۔تاہم ٹریفک سیفٹی کے لیے سڑک کے مخصوص کناروں پر پیلے رنگ کی حفاظتی کیٹ آئیز نصب کی جا سکیں گی۔فاسٹ اور سلو لین کے اختتامی کناروں پر بھی ضرورت کے مطابق حفاظتی کیٹ آئیز لگانے کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments