شنگھائی پولیس ماڈل کے جائز نے اور سفارشات کیلئے کمیٹی تشکیل

شنگھائی  پولیس  ماڈل  کے  جائز نے  اور  سفارشات  کیلئے  کمیٹی  تشکیل

کمیٹی شکایات کے اندراج و ازالے ، ایف آئی آر کے اندراج اور پولیسنگ فرائض و مزید موثر بنانے کے حوالے سے بھی سفارشات پیش کرے گیسندھ پولیس کو بھی ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے پولیسنگ کے نظام کو مزید موثر اور عوام دوست بنانا ہوگا،آئی جی جاوید عالم اوڈھو

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت سندھ پولیس میں اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز، ٹی اینڈ ٹی، سی پیک، اے آئی جی ویلفیئر، آپریشنز، ایس پی ایس ایس یو، انویسٹی گیشن ساؤتھ، پی ڈی آئی ٹی اور اے ایس پیز نے بالمشافہ شرکت کی۔ جبکہ ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد، پرنسپل شہدادپور پی ٹی سی، پی ایس او برائے وزیرِ داخلہ سندھ اور ایس پی ہیڈکوارٹرز حیدرآباد نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔اجلاس کو چین کے شہر شنگھائی میں پولیس اکیڈمی کا دورہ کرنے والے سندھ پولیس افسران کے وفد نے بریفنگ دی۔ وفد نے شرکاء کو شنگھائی پولیس کے ڈھانچے ، پولیس اسٹیشن کے طریقئہ کار، قانونی ڈھانچے ، ایس ڈبلیو اے ٹی اور خصوصی ردِ عمل یونٹس سمیت جدید پولیسنگ کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ شنگھائی پولیس کے نظام میں کمیونٹی بیسڈ پولیسنگ کو بنیادی اہمیت حاصل ہے ۔ ہر علاقے میں کمیونٹی افسر تعینات ہے جو رہائشیوں کے مسائل سے آگاہی اور ان کے فوری تدارک میں کردار ادا کرتا ہے ۔

معمولی نوعیت کے تنازعات کو ثالثی کونسل کے میکنزم کے تحت ابتدائی سطح پر ہی حل کیا جاتا ہے ۔وفد نے مزید بتایا کہ چین میں سائبر سیکیورٹی، ذاتی معلومات اور ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق جامع قوانین رائج ہیں۔ شنگھائی پولیس سمیت مختلف یونٹس میں ڈرون یونٹس قائم ہیں جبکہ ایوی ایشن کور میں ڈرونز کے استعمال کے ساتھ اینٹی ڈرون سسٹمز اور ان کے تدارک کے لیے مربوط حکمتِ عملی بھی اختیار کی گئی ہے ۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ شنگھائی پولیس کے ماڈل، جدید پولیسنگ اور ٹیکنالوجی کے استعمال کا سندھ پولیس کے نظام کے تناظر میں جائزہ لیا جائے ۔انہوں نے دورہ کرنے والے افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو شنگھائی پولیس ماڈل، ضروری اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے متعلق جامع اور قابلِ عمل سفارشات مرتب کرے ۔ کمیٹی شکایات کے اندراج و ازالے ، ایف آئی آر کے اندراج اور دیگر ضروری پولیسنگ فرائض کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنانے کے حوالے سے بھی سفارشات پیش کرے گی۔آئی جی کا کہنا تھا کہ ’’مستقبل جدید ٹیکنالوجی کا ہے ۔ سندھ پولیس کو بھی ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے پولیسنگ کے نظام کو مزید موثر اور عوام دوست بنانا ہوگا۔ ہماری ترجیح ایسا پولیسنگ نظام تشکیل دینا ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو فوری اور شفاف خدمات فراہم کی جا سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...