ڈکیٹی مزاحمت پر گیس سلنڈر دکان کا ملازم قتل ، ہلاکتیں 50 ہو گئیں

 ڈکیٹی مزاحمت پر گیس سلنڈر دکان کا ملازم قتل ، ہلاکتیں 50 ہو گئیں

مسلح ملزمان جس موٹر سائیکل پر واردات کرنے آئے وہ موقع پر چھوڑ کر مقتول کی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار مقتول 28سالہ شہزاد کا آبائی تعلق جنوبی پنجاب سے تھا،پولیس نے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد میں جان محفوظ ہے اور نہ ہی مال محفوظ ہے ، لیاقت آباد 10 نمبر سریا کٹ کے قریب واقع ایل پی جی گیس سلنڈر کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے دکان کے ملازم کو قتل کر دیا، مسلح ملزمان مقتول ملازم کی موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے ۔رواں سال شہر قائد میں ڈکیتی کی وارداتوں کے مزاحمت پر جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے ۔پولیس کے مطابق مسلح ملزمان جس موٹر سائیکل پر واردات کرنے آئے وہ موقع پر چھوڑ کر اور مقتول نوجوان کی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہوئے ۔ پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکل، 30 پستول کا ایک خول اور واقعاتی شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔جاں بحق نوجوان کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولنس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، مقتول کی شناخت 28 سالہ شہزاد کے نام سے کی گئی۔ مقتول نوجوان کا آبائی تعلق جنوبی پنجاب سے بتایا جاتا ہے ۔فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے واردات سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا۔

موقع پر موجود ایس ایچ او لیاقت آباد شوکت اعوان نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ مقتول نوجوان شہزاد ایل پی جی کی دکان میں ملازمت کرتا تھا، مقتول نوجوان شہزاد اپنے ساتھی 15 سالہ طیب ولد مقبول کے ساتھ دکان میں موجود تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم مسلح ملزمان دکان کے اندر آئے ۔پولیس افسر کے مطابق مسلح ملزمان نے مقتول نوجوان کی موٹر سائیکل کی چابی مانگی تو نوجوان نے انکار کر دیا جس پر مسلح ملزمان نے مزاحمت پر فائرنگ کر دی، مقتول نوجوان سر پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ مسلح ملزمان مقتول کی موٹر سائیکل، موبائل فون اور مقتول کی جیب میں موجود نقد رقم چھین کر فرار ہوگئے ۔ایس ایچ او نے بتایا کہ مسلح ملزمان جس موٹر سائیکل پر واردات کرنے آئے وہ موقع پر چھوڑ کر اور مقتول نوجوان کی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکل قبضے میں لے لی جبکہ پولیس کو جائے واردات سے ایک تیس بور پستول کا خول بھی ملا ہے جسے پولیس نے قبضے لے لیا۔ایس ایچ او لیاقت آباد کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے ، پولیس نے جائے واردات سے شواہد اکٹھا کرکے اور واقعے کے عینی شاہد مقتول نوجوان کے ساتھی کا بیان قلم بند کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...