گلشن ٹاؤن، سائن بورڈز کی فیس وصولی کے حقوق نیلام
نیلام عام کے بعد نور کارپوریشن کو ایڈورٹائزمنٹ ریکوری کا ٹھیکہ تفویض ریونیو کے ذرائع مضبوط بناکر ٹاؤن کی آمدنی بڑھائی جائے گی، ڈاکٹر فواد
کراچی (این این آئی) ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال، ضلع شرقی کی حدود میں دکانوں کے سائن بورڈز، کمپنی بورڈز اور متحرک فولادی تختیوں کی فیس کی وصولی کے حقوق کا نیلام عام کونسل ہال میں منعقد ہوا، جس کے بعد متعدد بولیوں کے نتیجے میں نور کارپوریشن کو ایڈورٹائزمنٹ کی مد میں واجبات کی وصولی کا کام ایوارڈ کردیا گیا۔نیلام عام سے قبل قواعد و ضوابط کے مطابق اخبارات میں اشتہارات شائع کیے گئے تھے ، جس کے بعد مقررہ طریقہ کار کے تحت اوپن نیلامی کا انعقاد کیا گیا۔
نیلامی میں چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد، ایڈورٹائزمنٹ کمیٹی کے چیئرمین آصف عبدالکریم، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عبدالرئیس، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ شہریار کھرل، سینئر اکاؤنٹ آفیسر جاوید علی ابڑو سمیت مختلف کمپنیوں اور اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ٹاؤن انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد دکانوں اور دیگر کاروباری اداروں کے سائن بورڈز سے متعلق فیس کی وصولی کے نظام کو بہتر اور موثر بنانا ہے ۔اس موقع پر چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے موثر مالی وسائل کی ضرورت ہوتی ہے ، اس لیے ٹاؤن کے ریونیو ذرائع کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے ۔ محکمہ ایڈورٹائزمنٹ کے دستیاب اعدادوشمار اور ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے ریکوری کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ ٹاؤن کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments