ملیر میں مزید 5 غیرقانونی ٹائر پائرولیسس پلانٹس بند
سیپا کی گھگھر پھاٹک، دیوان سیمنٹ روڈ اور بن قاسم ٹاؤن میں کارروائی پلانٹس سے صنعتی اور فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی ہدایت پر صوبے بھر میں غیرقانونی ٹائر پائرولیسس پلانٹس کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا ہے ، سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) نے ضلع ملیر میں مزید5غیرقانونی ٹائر پائرولیسس پلانٹس سیل کردیئے ۔سیپا حکام کے مطابق کارروائی ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں کی گئی، جہاں گھگھر پھاٹک، دیوان سیمنٹ روڈ اور بن قاسم ٹاؤن میں قائم غیرقانونی یونٹس کا معائنہ کیا گیا۔ ماحولیاتی ضوابط اور فضائی اخراج کے مقررہ معیار کی خلاف ورزی سامنے آنے پر پانچوں پلانٹس کے آپریشنز فوری طور پر بند کرکے انہیں سربمہر کردیا گیا۔
سیپا کے مطابق ٹائر پائرولیسس پلانٹس سے پیدا ہونے والی صنعتی اور فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے یونٹس کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں قائم ٹائر پائرولیسس پلانٹس کا جامع معائنہ کیا جائے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیرقانونی یونٹس کو فوری سیل کیا جائے ۔انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ صنعتی سرگرمیوں کے دوران ماحولیاتی تحفظ کے مقررہ اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ فضائی آلودگی اور اس کے شہریوں کی صحت پر مرتب ہونے والے مضر اثرات کو کم کیا جاسکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments