شہریوں سے شائستہ رویہ یقینی بنایا جائے ، ڈی آئی جی ایسٹ
قابل، قانون سے واقف اور چاق و چوبند افسران کو ڈیوٹی آفیسر تعینات کیا جائے قابل دست اندازی پولیس واقعات میں فوری ایف آئی آر درج کی جائے ، ڈاکٹر فرخ
کراچی(این این آئی) ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی نے زون کے تمام اضلاع کے تھانوں میں تعینات ڈیوٹی افسران سے ملاقات کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کے ساتھ شائستہ انداز میں پیش آتے ہوئے ان کی شکایات تحمل سے سنی جائیں اور مسائل کے حل یا قانونی کارروائی سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی جائے ۔ایسٹ زون آفس میں منعقدہ ملاقات میں ضلعی ایس ایس پیز نے بھی شرکت کی۔ ڈاکٹر فرخ علی نے کہا کہ ڈیوٹی آفیسر کی اہم پوسٹ پر ایسے قابل، پڑھے لکھے ، قانون سے واقف اور چاق و چوبند افسر کی تعیناتی ضروری ہے جو بیک وقت مختلف ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں انجام دے سکے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی آفیسر کسی بھی تھانے کا فرنٹ فیس ہوتا ہے ، اس لیے تھانے آنے والے شہریوں کے ساتھ بہتر عوامی رابطہ اور شائستہ رویہ یقینی بنانا اس کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ شہریوں کی شکایات تحمل سے سن کر ان کا مسئلہ حل کیا جائے یا قانونی کارروائی سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کرکے انہیں مطمئن کیا جائے ۔ڈی آئی جی ایسٹ نے کہا کہ قابل دست اندازی پولیس واقعات میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کرتے ہوئے ابتدائی درست معلومات حاصل کرکے فوری ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنایا جائے ، اس عمل سے عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی آفیسر عوام اور پولیس کے درمیان رابطے کا بنیادی ذریعہ ہوتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments