جے پی ایم سی کے جونیئر ڈاکٹرزتنخواہوں سے محروم

جے پی ایم سی کے جونیئر ڈاکٹرزتنخواہوں سے محروم

گھریلو، سفری اور دیگر بنیادی اخراجات پورے کرنا مشکل ،نظام وضع کیا جائےمسلسل تاخیر سے مالی مشکلات، سیکریٹری صحت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

کراچی (این این آئی) جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے جونیئر ڈاکٹر تقریباً ڈھائی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔ متاثرہ ڈاکٹروں نے مسلسل تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے ۔ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ طویل اوقات کار، ہنگامی ڈیوٹی اور مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باوجود اسپتال میں طبی خدمات انجام دے رہے ہیں، تاہم کئی ہفتوں سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث گھریلو، سفری اور دیگر بنیادی اخراجات پورے کرنا مشکل ہوگیا ہے ۔متاثرہ ڈاکٹروں کے مطابق تنخواہوں میں تاخیر سے مالی مشکلات کے ساتھ نوجوان طبی عملے کے حوصلے اور کام کے ماحول پر بھی منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

اس لیے معاملے کو محض انتظامی تاخیر سمجھنے کے بجائے فوری طور پر حل کیا جائے ۔انہوں نے جے پی ایم سی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ زیرِ التوا تنخواہیں ہنگامی بنیادوں پر جاری کی جائیں اور مستقبل میں بروقت ادائیگی یقینی بنانے کیلئے مؤثر انتظامی نظام وضع کیا جائے ۔جونیئر ڈاکٹروں نے سیکریٹری صحت سندھ سے بھی اپیل کی کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر متعلقہ حکام کو تمام واجب الادا تنخواہیں بلا تاخیر ادا کرنے کی ہدایت کی جائے ۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مریضوں کی خدمت کے ساتھ طبی عملے کے جائز مالی حقوق کی بروقت ادائیگی بھی ادارے کی ذمہ داری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...