حیدر آباد:اکاؤنٹنٹ جنرل کی کھلی کچہری، عوامی شکایات سنیں
پنشن، تنخواہوں اور اکاؤنٹس سے متعلق جائز مسائل کے فوری ازالے کی ہدایتکھلی کچہری کا مقصد براہ راست عوامی رسائی، ایجنٹس کی حوصلہ شکنی، میانداد راہوجو
حیدرآباد (ڈسٹرکٹ ڈیسک) اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ میانداد راہوجو نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس میں کھلی کچہری کی صدارت کرتے ہوئے پنشن، تنخواہوں اور اکاؤنٹس سے متعلق عوامی شکایات سنیں اور متعلقہ افسران کو جائز مسائل کے فوری ازالے کی ہدایت کی۔ کھلی کچہری میں ڈویژن کے مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں پنشنرز، سرکاری ملازمین، نومنتخب اساتذہ اور شہریوں نے شرکت کی، اور مسائل براہ راست پیش کیے ۔ اس موقع پر اکاؤنٹنٹ جنرل نے کہا کہ کھلی کچہری کا بنیادی مقصد عوام کو افسران تک براہ راست رسائی فراہم کرنا اور پنشن سمیت دیگر سرکاری معاملات میں ایجنٹس کے کردار کی حوصلہ شکنی ہے۔
انہوں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ اپنے کیسز براہ راست جمع کرائیں تاکہ شکایات کا شفاف اور بروقت ازالہ یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر شکایات کا تعلق طریقۂ کار میں تاخیر اور ملازمین میں معلومات کی کمی سے ہے ۔ تمام سرکاری محکموں میں جلد ہیلپ ڈیسک قائم کیے جائیں گے ، جبکہ محکمہ تعلیم نے بھی ملازمین کی رہنمائی کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 27 جنوری سے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن اور دیگر قابلِ ادائیگی مراعات جاری کرنے کا نظام نافذ کیا جائے گا۔ اکائونٹنٹ جنرل سندھ نے کہا کہ ان کا دفتر تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی اور شفاف مالیاتی نظام کے ذریعے عوام کو ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہے ۔ نومنتخب اساتذہ کی جانب سے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کی شکایات پر انہوں نے یقین دلایا کہ محکمانہ کارروائی اور مطلوبہ دستاویزات مکمل ہوتے ہی ادائیگیاں شروع ہونگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments