ٹریفک جام کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت
اہم شاہراہوں اور مصروف چوراہوں پر ٹریفک پولیس کی موجودگی یقینی بنائی جائے ترقیاتی کاموں سے متاثرہ سڑکوں کیلئے متبادل راستے فراہم کیے جائیں، ضیاء لنجار
کراچی (این این آئی) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے شہر میں ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنانے ، ٹریفک جام کے خاتمے اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ افسران کو مؤثر اقدامات کی ہدایت کردی۔وزیر داخلہ کی زیر صدارت ٹریفک مینجمنٹ اور ریگولیٹری نظام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ نے ٹریفک سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شہر میں ٹریفک جام کی صورتحال پر روز بروز شکایات موصول ہورہی ہیں، اس لیے ٹریفک نظام کو معمول پر لانے کیلئے عملی اقدامات ضروری ہیں۔ ایس پیز ٹریفک زونز اور سیکشن افسران کو سڑکوں پر نظر آنا چاہیے جبکہ اہم شاہراہوں، مصروف چوراہوں اور ٹریفک دباؤ والے مقامات پر ٹریفک پولیس کی مسلسل موجودگی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک جام کی صورت میں تھانہ پولیس بھی ٹریفک پولیس کی معاونت کرے اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں کسی بھی رکاوٹ کو فوری دور کیا جائے ۔ اوور اسپیڈنگ اور اوورلوڈنگ کے خلاف سخت کارروائی جبکہ ون وے کی خلاف ورزی، سگنل توڑنے ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اور غیر قانونی پارکنگ سمیت دیگر خلاف ورزیوں پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کیلئے ای چالان نظام کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments