شدید گرمی میں بد ترین لوڈشیڈمگ، آبی قلت، شہری بلبلا اٹھے

شدید گرمی میں بد ترین  لوڈشیڈمگ، آبی قلت، شہری بلبلا اٹھے

دن میں بجلی ہے نہ رات میں ،مختلف علاقوں میں بندش کا دورانیہ 14سے 18 گھنٹے تک پہنچ گیا ،خواتین ،بزرگ پریشان بل ادا کر نے والوں کو بھی سزا مل رہی ہے ،کے الیکٹرک کنڈے اور میٹر کاٹے ، ہمارے میٹر کیوں بند کرتے ہو؟ ،متاثرین

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جبکہ دوسری جانب مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 14سے 18 گھنٹے تک پہنچ گیا جس کی وجہ سے شہری گرمی میں بلبلا اٹھے ، نا دن میں بجلی ہے نا رات میں جس کی وجہ سے پانی کی قلت کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے ، کورنگی، لانڈھی، ناتھا خان گوٹھ ،ایف سی ایریا لیاقت آباد، سرجانی ٹاؤن ، اورنگی ٹاون، اتحاد ٹاون سمیت دیگرعلاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ بندش کا سلسلہ جا ری ہے جبکہ ترجمان کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ شہرمیں زیادہ سے زیادہ 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ۔لیاقت آبا دایف سی ایریا کے مکینوں کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ لوڈشیڈنگ 18گھنٹے تک پہنچ گئی ہے ہماری زندگی اجیرن ہوگئی ہے بجلی نہ ہونے سے پانی بھی نایاب ہوجاتا ہے بہت مشکل زندگی ہوگئی خاص طور بزرگ ، خواتین بچوں کا گرمی سے برا حال ہوجاتا ہے ۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ لوڈشیڈنگ کا کوئی شیڈول نہیں، رات 10 بجے لائٹ جاتی ہے تو علی الصبح ساڑھے 4 بجے آتی ہے ، صبح ساڑھے 7 بجے پھر بند کر دی جاتی ہے اور سارا دن آنکھ مچولی جاری رہتی ہے ۔علاقے مکینوں نے بتایا کہ بجلی نہ ہونے سے پانی کی موٹر نہیں چلتی، 3 دن سے گھر میں پانی کا ایک قطرہ نہیں، پانی خرید کر استعمال کر رہے ہیں ۔ایک ایف سی ایریا کے مکین نے بتایا کہ کہ میرے والد دل کے مریض ہیں، گرمی اور حبس سے ان کا بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے ، ڈاکٹر نے اے سی میں رکھنے کا کہا ہے ، یہاں پنکھا تک نہیں چلتا۔ کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ، علاقہ مکینوں کا سب سے بڑا شکوہ یہ ہے کہ جو لوگ بل ادا کر رہے ہیں پھر بھی سزا سب کو مل رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک والے کہتے ہیں بل بھروائیں، یہ ہمارا کام نہیں، جو چوری کر رہے ہیں ان کے کنڈے اور میٹر کاٹو، ہمارے میٹر کیوں بند کرتے ہو؟ جو بل نہیں بھرتا اس کا کنکشن کاٹو، پورے علاقے کو اندھیرے میں کیوں دھکیل رہے ہو؟اسی طرح سرجانی ٹاؤن ، اورنگی ٹاؤن ،لانڈھی ، سمیت متعدد علاقوں میں 14سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ، ترجمان کے الیکٹرک سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے معلوم کیا لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...