خونی واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو کچل دیا
مشتعل افرادکا پتھراؤ، ٹینکر کے شیشے توڑ ڈالے ،ڈرائیور موقع سے فرار رواں سال ٹریفک حادثات میں 682افراد جاں بحق ہوئے ،ترجمان چھیپا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)واٹر ٹینکر سے ایک اور جان لیوا خونی حادثے میں نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، مشتعل عوام نے پتھراؤ کر کے واٹر ٹینکر کے شیشے توڑ دیے ، تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے واٹر ٹینکر کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں ایک نمبر قذافی چوک کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔ موقع پر موجود مشتعل عوام نے پتھراؤ کر کے واٹر ٹینکر کا ونڈ اسکرین اور دیگر شیشے توڑ دیے ،متوفی کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن خمیسو خان نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ، تاہم پولیس نے واٹر ٹینکر قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ۔ ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن چوہدری شاہد نے بتایا کہ رواں سال ٹریفک حادثات میں 682 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 530 مرد، 77خواتین، 57 بچے اور 18 بچیاں شامل ہیں جب کہ8 ہزار 804 افراد زخمی ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ رواں سال کے 273 روز میں ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے جان لیوا حادثات میں 206 افراد زندگی سے محروم ہوگئے جن میں سب سے زیادہ 96 جان لیوا حادثات ٹریلر کی ٹکر سے پیش آئے ، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 48، بس کی ٹکر سے 28اورمزدا کی ٹکر سے 20 اور 14 افراد ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہوئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments