سانگھڑ کی نہر میں شگاف پڑنے سے قریبی علاقہ زیرآب
سنجھورو کے قریب بٹور نہر میں 20 فٹ چوڑا شگاف پڑا، گھر، فصلیں زیرآبرات 2بجے شگاف پڑنے سے بروقت پتہ نہ چلا، محکمہ آبپاشی کا عملہ نہیں پہنچا
سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)بٹور نہر میں 20 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے گھروں اور فصلوں میں پانی داخل ہوگیا، جبکہ قرب وجوار کا علاقہ زیرِ آب آگیا۔ تفصیلات کے مطابق سانگھڑ کی تحصیل سنجھورو کے قریب بٹور نہر میں تقریباً 20 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے قریبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا، جس کے باعث متعدد گھر اور فصلیں زیرِ آب آگئیں۔ مقامی افراد کے مطابق گاؤں حاجی محمد عرش شیخ کے قریب نہر میں رات تقریباً 2 بجے شگاف پڑا، جس کے باعث لوگوں کو بروقت پتہ نہیں چل سکا، دودو شیخ، پپو بندہ، صدیق شیخ اور محمد رحیم شیخ کے گھر پانی میں ڈوب گئے ، جبکہ اردگرد کی فصلیں بھی زیرِ آب آگئیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ شگاف پڑنے کے سات گھنٹے گزرنے کے باوجود محکمہ آبپاشی کا عملہ موقع پر نہیں پہنچا۔ علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت شگاف بند کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم تاحال کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔ نہری پانی فصلوں میں داخل ہونے کے باعث لاکھوں روپے کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ متاثرین نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی سے فوری نوٹس لیتے ہوئے شگاف بند کرانے اور مزید نقصان سے علاقے کو بچانے کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments