ڈی اے ای رجسٹریشن فارم جمع کرانے کا شیڈول جاری
بغیر لیٹ فیس آخری تاریخ 19 نومبر، فارم صرف آن لائن جمع ہوں گے
کراچی (این این آئی)سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے سندھ بھر میں ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئر (ڈی اے ای) مارننگ، ڈبل شفٹ، ایوننگ و سیلف فنانس، سائنو پاک سی سی ٹی ای ڈوئل ڈپلومہ اور انٹرمیڈیٹ پاس طلبہ کے لیے ڈائریکٹ سیکنڈ ایئر کی بورڈ رجسٹریشن برائے تعلیمی سال 2026-27 کا شیڈول جاری کردیا۔رجسٹرار سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن عالیہ فاطمہ کے اعلامیے کے مطابق رجسٹریشن فارم صرف آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائے جائیں گے ، دستی فارم قبول نہیں کیے جائیں گے ۔ متعلقہ اداروں کے لیے طلبہ کے فارم آن لائن پورٹل پر اپ لوڈ کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ صرف آن لائن نظام سے جاری کردہ فیس چالان قابل قبول ہوگا، جبکہ ڈیمانڈ ڈرافٹ، بینکر چیک یا پے آرڈر قبول نہیں کیے جائیں گے۔
ترجمان ٹیکنیکل بورڈ زوہیب احمد خان کے مطابق بغیر لیٹ فیس رجسٹریشن فارم اور فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ 19 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے ۔ 800 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 20 سے 30 نومبر، 1500 روپے کے ساتھ یکم سے 10 دسمبر، 2000 روپے کے ساتھ 11 سے 21 دسمبر، 2500 روپے کے ساتھ 22 سے 31 دسمبر، 3000 روپے کے ساتھ یکم سے 11 جنوری 2027 اور 5000 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 12 جنوری 2027 سے پہلے پرچے کے انعقاد تک فارم جمع کرائے جاسکیں گے ۔اعلامیے کے مطابق مارننگ یا ڈبل شفٹ سرکاری اداروں کے طلبہ کی رجسٹریشن فیس 2600 روپے ، ایوننگ و سیلف فنانس سرکاری اداروں کے لیے 3500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments