فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر پاپوش مارکیٹ سیل
کارروائی میں طارق روڈ سے پارکنگ فیس وصول کرنے والے 9 افراد گرفتارمختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 53 پیشہ ور گداگروں کو بھی تحویل میں لیا گیا
کراچی (این این آئی) کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے ، غیر قانونی پارکنگ، فائر سیفٹی قوانین پر عمل درآمد اور پیشہ ور گداگری کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ناظم آباد میں فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر پاپوش مارکیٹ سیل کردی گئی، جبکہ طارق روڈ پر غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والے 9 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 53 پیشہ ور گداگروں کو بھی تحویل میں لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر وسطی طحہٰ سلیم کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد رابعہ سید نے فائر سیفٹی اقدامات کی خلاف ورزی پر پاپوش مارکیٹ سیل کردی۔ مارکیٹ میں مختلف اشیائے ضروریہ کی 200 سے زائد دکانیں قائم ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد جویریہ اشرف نے طارق روڈ پر غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والے 9 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔ ڈپٹی کمشنر شرقی نصراللہ عباسی نے کہا کہ غیر قانونی پارکنگ فیس کی وصولی کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے ۔اعلامیے کے مطابق فیروز آباد سب ڈویژن میں 46 پیشہ ور گداگروں کو تحویل میں لے کر ایدھی کے حوالے کیا گیا، جبکہ آرام باغ سب ڈویژن میں 7 گداگروں اور منشیات کے عادی افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments