مرغی کا گوشت مزید مہنگا، دو ہفتوں میں قیمت 100 روپے فی کلو بڑھ گئی، 700 روپے تک فروخت
گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،پرائس کنٹرول کے ذمہ دار اداروں کی کارکردگی بھی سوالیہ نشان بن گئی،اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو سرکاری نرخوں کے مطابق یقینی بنایا جائے گا:شہری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) مرغی کے گوشت کی قیمت کو ایک بار پھر پر لگ گئے ، گزشتہ دو ہفتوں کے دوران فی کلو قیمت میں 100 روپے سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ سرکاری نرخ بھی 600 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئے ، جبکہ مارکیٹ میں مبینہ طور پر ناجائز منافع خور مرغی کا گوشت 700 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں۔ گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ پرائس کنٹرول کے ذمہ دار اداروں کی کارکردگی بھی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، پیرا فورس اور دیگر متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث ناجائز منافع خوروں نے ایک بار پھر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ اداروں کے بعض اہلکار مبینہ طور پر ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے ان سے نذرانے وصول کرکے خاموشی اختیار کر لیتے ہیں، شہریوں کی جانب سے متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود متعلقہ ادارے قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی کے گوشت سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو سرکاری نرخوں کے مطابق یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments