سرگودھا کا میگا سیوریج منصوبہ شہریوں کیلئے عذاب بن گیا
سرگودھا کا میگا سیوریج منصوبہ شہریوں کیلئے عذاب بن گیا پریس روڈ 14 بلاک کئی ہفتوں سے بند پڑا ہے ، تاجروں کا کاروبار بھی ٹھپ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں میگا سیوریج منصوبے کی سست روی نے شہریوں اور تاجروں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ کئی ہفتوں سے پریس روڈ بلاک نمبر 14 کھدائی کے باعث بند ہونے سے پرنٹنگ پریسز سمیت دیگر کاروباری مراکز شدید متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ تاجروں کو بھاری معاشی نقصان کا سامنا ہے ۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے دوروں اور واضح احکامات کے باوجود تعمیراتی کام کی رفتار تیز نہ ہو سکی، جس پر شہریوں اور تاجروں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ترقیاتی منصوبے کے تحت پریس روڈ بلاک نمبر 14 کی کھدائی کئی ہفتے قبل شروع کی گئی تھی، تاہم تاحال کام مکمل نہ ہونے کے باعث سڑک بند پڑی ہے ۔
دکانوں اور کاروباری مراکز تک گاڑیوں کی رسائی متاثر ہونے سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ تاجروں کے روزگار کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ انہیں ترقیاتی منصوبوں پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن ایسی ترقی کا کیا فائدہ جس کے نتیجے میں لوگوں کا روزگار ہی متاثر ہو جائے ۔ کئی ہفتوں سے سڑک کی کھدائی کے بعد تعمیراتی کام ادھورا چھوڑ دینا انتظامی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔انہوں نے کہا کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے دوروں، ہدایات اور تنبیہات کے باوجود ٹھیکیدار کام کی رفتار بڑھانے میں ناکام رہا ہے ، جبکہ متعلقہ حکام کی مبینہ غفلت کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے ۔شہریوں اور تاجروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے ، کام میں غیر ضروری تاخیر کے ذمہ دار ٹھیکیدار کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ، اس کی سکیورٹی ضبط کرکے اسے بلیک لسٹ کیا جائے ۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ اگر فنڈز کی عدم دستیابی منصوبے کی تکمیل میں رکاوٹ ہے تو فوری طور پر فنڈز جاری کیے جائیں اور تعمیراتی کام جنگی بنیادوں پر مکمل کرایا جائے تاکہ شہریوں کو مزید اذیت اور تاجروں کو معاشی نقصان سے بچایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments