ستھرا پنجاب پروگرام کی سیلف آپریشن پر منتقلی کی تیاریوں کا جائزہ
کمپنیاں معمول کے مطابق صفائی کے انتظامات جاری رکھیں گی :ڈی سی ماہم آصف
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی زیرِ صدارت اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کی سیلف آپریشن پر منتقلی کے عمل، دستیاب وسائل، مشینری، گاڑیوں اور افرادی قوت کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز ڈاکٹر طارق عثمان نے صفائی کے نظام کو سیلف آپریشن پر منتقل کرنے کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت، دستیاب وسائل اور مجوزہ مائیکرو پلان پر بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران سرکاری مشینری، گاڑیوں اور دیگر اثاثہ جات کی واپسی و منتقلی سمیت انتظامی تیاریوں اور زیرِ التوا امور پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے متعلقہ افسران کو تمام انتظامی اور عملی تیاریاں جلد مکمل کرنے اور سرکاری مشینری، گاڑیوں اور دیگر اثاثہ جات کی واپسی و منتقلی کا عمل شفاف انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ سیلف آپریشن پر باقاعدہ منتقلی تک ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کام کرنے والی کمپنیاں معمول کے مطابق صفائی کے انتظامات جاری رکھیں گی تاکہ اس دوران صفائی کے نظام میں کسی قسم کا تعطل پیدا نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیلف آپریشن کے ذریعے سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال، انتظامی نگرانی میں بہتری اور اخراجات میں بچت یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کا معیار برقرار رکھنے اور مزید بہتر بنانے کے لیے فیلڈ نگرانی مؤثر بنائی جائے ، جبکہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments