چیئرمین کے پی ٹی کا گڈز ڈیکلئریشنز کی پیشگی فائلنگ پر زور
کارگوکلیئرنس90 گھنٹوں میں ممکن،کاروباری لاگت بھی کم ہوگی،شاہد احمد ڈریجنگ منصوبہ 90فیصد مکمل، بحری چینل کی گہرائی 16میٹر بڑھانے کا ہدف
کراچی(بزنس رپورٹر)چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی)ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے درآمد کنندگان، کسٹمز ایجنٹس اور کلیئرنگ بروکرز پر زور دیا ہے کہ وہ گڈز ڈیکلئریشنز (جی ڈیز)کی پیشگی فائلنگ کو معمول بنائیں۔انہوں نے بتایا کہ پیشگی جی ڈی جمع کرانے والے کارگو کی کلیئرنس تقریباً 90 گھنٹوں میں ہورہی ہے جبکہ پیشگی فائلنگ نہ ہونے کی صورت میں اس عمل میں 296 گھنٹے لگتے ہیں۔کراچی چیمبرمیں پیر کو منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار کو اپنانے سے کارگو کلیئرنس میں نمایاں تیزی لائی جا سکتی ہے ، ٹرمینلز پر رش کم کیا جا سکتا ہے اور کاروباری لاگت میں کمی لائی جا سکتی ہے ۔انہوں نے کے سی سی آئی کو دعوت دی کہ وہ عملی مسائل اور ان کے قابلِ عمل حل پر مشتمل جامع تجاویز پیش کرے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ کے پی ٹی، پاکستان کسٹمز، ایف بی آر، حکومت سندھ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری میں مکمل تعاون کرے گا ۔ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے بتایا کہ طویل عرصے سے زیر التوا ڈریجنگ منصوبے کا تقریباً 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور مرکزی بحری چینل کی گہرائی بڑھا کر تقریباً 14.5 میٹر کر دی گئی ہے ۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ باقی ماندہ کام آئندہ 30 سے 40 روز میں مکمل ہونے کے بعد اپروچ چینل کی گہرائی 16 میٹر تک پہنچ جائے گی،جس سے بڑے بحری جہازوں کی آمد ممکن ہو سکے گی اور بندرگاہ کی عملی استعداد میں اضافہ ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments