مہنگائی کے خاتمے کیلئے سیاسی استحکام ناگزیرہے،سربراہ سنی تحریک
کراچی (این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے سیاسی استحکام یقینی بنانا ہوگا۔
معاشی پالیسیوں میں تسلسل اور عوام دوست اقدامات کئے بغیر معیشت کو مستحکم کرنا اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ممکن نہیں۔ حکمران عوام کو ریلیف دینے کے دعوؤں کے بجائے ایسے ٹھوس اقدامات کریں جن کے ثمرات براہِ راست غریب اور متوسط طبقے تک پہنچیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اشیا پر عمومی سیلز ٹیکس وصول کرنے کے باوجود مختلف محصولات کا اضافی بوجھ عوام پر ڈالنا ان کی معاشی مشکلات میں مزید اضافے کا سبب بن رہا ہے ۔ مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں نے پہلے ہی عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں جبکہ اضافی ٹیکسز سے عام شہری کی قوتِ خرید مزید متاثر ہو رہی ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ ٹیکسز کے نظام پر نظرثانی کرے اور غریب طبقے کو زیادہ ریلیف فراہم کرے ۔ شاداب رضا نے کہا کہ معاشی ترقی کا اصل پیمانہ اعداد و شمار، دعوے اور سرکاری اعلانات نہیں بلکہ عام آدمی کے معیارِ زندگی میں بہتری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments