سندھ ہائیکورٹ نے نجی اسکولوں کو گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس ایک ساتھ وصول کرنے سے روک دیا
تعطیلات کی فیس وصولی کا نوٹس مئی میں دیا جائے ،جون،جولائی کی فیس کے لیے الگ الگ تاریخیں مقرر کرنے کا حکم، کتابوں اور یونیفارم کا معاملہ دو ہفتوں میں حل کرنے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے فیس کی یکمشت وصولی کے خلاف درخواست پر اسکول انتظامیہ کو ایک ساتھ فیس وصول کرنے سے روک دیا۔ شہری وقار کی جانب سے کلفٹن کے ایک نجی اسکول کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل اور پرائیویٹ اسکولز ڈائریکٹوریٹ کا نمائندہ پیش ہوئے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران اسکولوں کی جانب سے فیس وصولی خلاف قانون ہے ، چھٹیوں کی فیس وصول کرنے کے لیے بچوں کو بیک وقت دو فیس واؤچرز دیے جاتے ہیں، جبکہ تعطیلات کے دوران اسکول میں کوئی سرگرمی نہیں ہوتی۔
وکیل نے بتایا کہ اسکول انتظامیہ اپریل سے ہی تعطیلات کی فیس وصولی کے نوٹس جاری کرنا شروع کردیتی ہے ۔ عدالت نے اسکول کو یکمشت فیس وصول کرنے سے روکتے ہوئے ہدایت کی کہ تعطیلات کی فیس وصولی کا نوٹس مئی میں دیا جائے ، جبکہ جون اور جولائی کی فیس الگ الگ وصول کی جائے اور ادائیگی کے لیے بالترتیب 30 جون اور 30 جولائی تک مہلت دی جائے ۔ عدالت نے کتابوں اور یونیفارم کی خریداری سے متعلق معاملے پر پرائیویٹ اسکولز ڈائریکٹوریٹ اور دیگر فریقین کو آئندہ دو ہفتوں میں اجلاس منعقد کرکے معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے بھارتی شہری کو پاکستانی خاتون سے شادی کے باوجود پاکستانی شہریت نہ دینے کے معاملے پر دائر درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments