حکمران طبقہ رسہ کشی چھوڑ کر عوام کا احساس کرے ، احمد ندیم
بن قاسم میں دو بچوں سمیت خاندان کے پانچ افراد کی اموات لمحہ فکریہ ضرورت مند کیلئے صاحبِ حیثیت افراد آگے بڑھیں، مرکزی مسلم لیگ
کراچی(این این آئی) مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے احسن آباد میں ڈاکٹر عمر کے واقعے کے بعد بن قاسم ٹاؤن میں دو بچوں سمیت ایک خاندان کے پانچ افراد کی افسوسناک اموات کو معاشرے اور حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران طبقہ اقتدار کی کشمکش میں مصروف ہے جبکہ عوام مہنگائی، معاشی بدحالی اور بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔اپنے بیان میں احمد ندیم اعوان نے کہا کہ عوام کو تنہا چھوڑ دینا اور ان کی مشکلات سے صرفِ نظر کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو معاشی تحفظ فراہم کرے اور ایسے اقدامات کرے جن سے کوئی خاندان مایوسی اور بے بسی کا شکار نہ ہو۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد موجود ضرورت مند اور پریشان حال خاندانوں کی مشکلات کو سمجھیں اور اپنی استطاعت کے مطابق ان کی مدد کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کے صاحبِ حیثیت افراد آگے بڑھ کر ضرورت مندوں کی مدد کو اپنا فرض سمجھیں، کیونکہ انسانی ہمدردی، احساس اور بروقت تعاون کسی پریشان حال خاندان کے لیے امید کی کرن بن سکتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی معاشی ناہمواری اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے مؤثر حکومتی پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے ، روزگار کے مواقع بڑھانے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments