انٹر اسکولز اسپورٹس ٹورنامنٹ 27-2026کا باقاعدہ آغاز
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے زیر اہتمام انٹر اسکولز اسپورٹس ٹورنامنٹ 27-2026 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
سندھ اسپورٹس بورڈ کمپلیکس ناظم آباد میں منعقدہ اس ٹورنامنٹ کے مقابلوں کا آغاز صبح 9:30 بجے ہوا جس کے پہلے روز مختلف اسکولوں کی طالبات کے مابین بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے منعقد ہوئے ۔ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر مشرف علی راجپوت نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر نوید احمد، سینئر ماہرِ تعلیم پروفیسر اشفاق بیگ، اساتذہ کرام، بورڈ افسران اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ پروفیسر مشرف علی راجپوت نے کہا کہ میٹرک بورڈ طلبہ و طالبات کو تعلیمی اسناد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کے بھرپور مواقع اور پلیٹ فارم بھی مہیا کرتا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں کے میدانوں کو آباد رکھنا ناگزیر ہے ، لہٰذا تمام تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ کھیلوں کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔پہلے روز گرلز مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے درمیان فائنل کل کھیلا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments