لاڑکانہ :جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں تیز کی جائیں،ڈی آئی جی
جرائم کی روک تھام کے لیے پیٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ کو بڑھایا جائے ،شیراز نظیر لاڑکانہ رینج کے پانچوں اضلاع کے ایس ایس پیز کیساتھ اجلاس، کارکردگی کا جائزہ لیا گیا
لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) ڈی آئی جی لاڑکانہ شیراز نظیر کی زیرصدارت لاڑکانہ رینج کے پانچوں اضلاع کے ایس ایس پیز کے ساتھ اجلاس، اگست اور ستمبر کے مہینوں کے دوران ہونے والے جرائم، قتل، ڈکیتیوں اور امن وامان کی مجموعی صورت حال جرائم کے حوالے سے پولیس کے اقدامات اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لاڑکانہ رینج کے ایس ایس پیز نے اگست اور ستمبر کے مہینوں کے دوران پولیس کی کارکردگی، روپوش و اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں،پولیس ایکشن اور کرائم سے متعلق اپنے اضلاع کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ شیراز نظیر کو بتایا کہ اسٹریٹ کرائم اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف روزانہ کے بنیاد پر بھرپور کاروائیاں جاری ہیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی لاڑکانہ نے کہا کہ جرائم اور منشیات کے خاتمے کے حوالے سے شہریوں کے توقعات اور امیدوں پر پورا اترنا ہماری ذمہ داری ہے ، سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے پیٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ کو بڑھایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی پالیسی اور آئی جی سندھ پولیس کی ہدایات پر لاڑکانہ رینج کے پانچوں اضلاع کے اندر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments