ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ،شاداب رضا
آٹے کے بعد ایل پی جی بحران نے حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیاعوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے ،بیان
کراچی(این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی، عدل و انصاف کی بالادستی اور معاشی تحفظ یقینی بنانا حکمرانوں کی آئینی، جمہوری اور اخلاقی ذمہ داری ہے ۔ ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہعوام پر ظلم ہے ، عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ گھریلو ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے ۔عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے۔
ملک میں آٹے کے بحران کے بعد ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے غریب عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ ہر چند ماہ بعد کسی نہ کسی بنیادی ضرورت کی قلت یا قیمتوں میں اضافے کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو حکومتی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے ۔شاداب رضانے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے گھریلو بجٹ متاثر ہو رہا ہے ۔ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور، کم آمدن والے ملازمین، چھوٹے کاروباری افراد اور سفید پوش خاندان اپنے اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ حکومت ایل پی جی گیس کی قیمتیں عام آدمی کی قوت خرید کے مطابق لانے کیلئے مؤثر اقدامات کرے اور ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments