رونتی کچے میں امن سرینڈر پالیسی کا نتیجہ ہے ، ضیاء الحسن لنجار
کچے میں ریاست قانون ہاتھ میں لینے والوں کو برداشت نہیں کرے گی، وزیر داخلہ اسکول، ڈسپنسریاں، مویشی اسپتال قائم کرنا چاہتے ، اسپورٹس فیسٹیول سے خطاب
گھوٹکی (نمائندہ دنیا)وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح صوبے میں امن و امان کا قیام ہے ، کچے کے علاقوں میں امن قائم کرنے کیلئے حساس اداروں، رینجرز اور سندھ پولیس کو مکمل تعاون فراہم کیا گیا۔ ریاست ایک ماں کی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت کسی کو تکلیف نہیں دینا چاہتی، تاہم قانون ہاتھ میں لینے والوں کوہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رونتی کچے میں اسپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد، ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب پٹھان، ونگ کمانڈر رینجرز فرحان علی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر نثار احمد چانڈیو سمیت مختلف محکموں کے افسران اور کچے کے علاقوں کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ کچے کے رہائشی ہمارے دل کے قریب ہیں اور ہمیں صرف ان لوگوں سے نفرت ہے جو ظلم کرتے ہیں۔
جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا، ریاست اسے برداشت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سکھر میں اجلاس منعقد کرکے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا، جس کے بعد سرینڈر پالیسی شروع کی گئی۔ اس پالیسی پر تنقید بھی ہوئی، لیکن آج رونتی جیسے کچے کے علاقے میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہے ۔وزیر داخلہ سندھ نے محکمہ داخلہ سے متعلق قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سندھ پولیس کی مسلسل حوصلہ افزائی کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments