30نومبر تک گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس جمع کرانے کی مہلت
یکم دسمبر 2026سے ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنیوالی گاڑیوں کے مالکان پر جرمانوں کا اطلاق شروع کر دیا جائیگا، نادہندگان کی گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کی جا سکتی ہے
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول نے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی گاڑیوں کے مالکان کو واجب الادا ٹوکن ٹیکس جمع کروانے کیلئے 30نومبر 2026تک بغیر جرمانہ مہلت دے دی ہے ۔ ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے لیے بھاری جرمانوں اور گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخی سے بچنے کا یہ آخری موقع قرار دیا گیا ہے ۔ایکسائز حکام نے واضح کیا ہے کہ یکم دسمبر 2026 سے ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والی گاڑیوں کے مالکان پر جرمانوں کا اطلاق شروع کر دیا جائے گا۔ گزشتہ مالی سال کا ٹوکن ٹیکس جمع نہ کروانے پر 50 فیصد جبکہ رواں مالی سال کا ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے پر 25فیصد جرمانہ وصول کیا جائے گا۔حکام کے مطابق واجب الادا ٹیکس پر جرمانے میں بتدریج ماہانہ اضافہ بھی کیا جائے گا، جبکہ ٹیکس کی عدم ادائیگی کی صورت میں نادہندگان کی گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے ۔ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ثوبیہ مالک نے گاڑیوں کے تمام مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ پریشانی اور اضافی جرمانوں سے بچنے کیلئے 30نومبر 2026تک اپنا واجب الادا ٹوکن ٹیکس ePayکے ذریعے آن لائن جمع کروائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یکم دسمبر سے ٹیکس نادہندگان کیخلاف کارروائی اور بھاری جرمانوں کی وصولی شروع کر دی جائیگی، جبکہ ٹیکس ادا نہ کرنیوالی گاڑیوں کی رجسٹریشن کی منسوخی کے اقدامات بھی کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments