سندھ کے نوجوان با صلاحیت، مواقع دیں گے ، رانامشہود
ڈگری کے ساتھ پیشہ ورانہ سرٹیفکیشنز فراہم کرانے کی تجویز ہے ،ڈاکٹر حنا فاطمہ نوجوانوں کیلئے مختلف پروگرامز پر کام جاری ،فہد شفیق کا ماجو میں نیوٹیک طلبا سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ سندھ کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں ،حکومت انہیں جدید تعلیم، فنی تربیت، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرکے بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔ ماضی میں 18 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ، اب ہر سال ڈھائی لاکھ اسکول طلبا کو کروم بکس فراہم کرنے کا منصوبہ ہے ۔ کراچی اور ٹنڈو محمد خان سمیت سندھ میں 5 اور ملک کے دیگر صوبوں میں 27 دانش اسکول قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محمد علی جناح یونیورسٹی (ماجو)میں نیوٹیک کے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔رانا مشہود احمد نے کہا کہ نیوٹیک کے فنی تربیتی پروگرام نوجوانوں کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتے ہیں۔ حکومت ای اسپورٹس، آن لائن کورسز اور جدید تعلیم کے فروغ پر بھی کام کر رہی ہے ، تاکہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرکے ان کے روزگار اور ترقی کے امکانات بڑھائے جا سکیں۔محمد علی جناح یونیورسٹی کی انچارج پروفیسر ڈاکٹر حنا فاطمہ نے رانا مشہود احمد خان سے گفتگو کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ نیوٹیک کے اشتراک سے ایسا تعلیمی ماڈل متعارف کرایا جائے جس کے تحت طلبا یونیورسٹی ڈگری کے ساتھ پیشہ ورانہ سرٹیفکیشنز بھی حاصل کر سکیں۔ جس کے تحت مختصر دورانیے کے سرٹیفکیشن کورسز کو یونیورسٹی کے تعلیمی نظام سے مربوط کردیاجائے ۔ رانا مشہود نے تجویز پر محمد علی جناح یونیورسٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے اور قابلِ عمل منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر حنا فاطمہ نے مزید کہا کہ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے اس ماڈل کو دیگر جامعات تک وسعت دینے کی کوشش کی جائے گی۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈی نیٹر فہد شفیق نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے پروگرام اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments