قرعہ اندازی سے زمین حاصل کرنیوالے افراد میں چیک تقسیم
مالی معاونت خوشحال اور ترقی یافتہ پنجاب کی جانب انقلابی قدم :سائرہ افضل تارڑ
حافظ آباد (نمائندہ دنیا) وزیر اعلیٰ پنجاب کی کوآرڈینیٹر و رکن قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ اور ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سید حسین بہادر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے اپنا کھیت، اپنا روزگار پروگرام کے تحت بے زمین اور بے روزگار افراد کو مفت زرعی اراضی کی الاٹمنٹ اور زمین کو قابل استعمال بنانے کے لیے مالی معاونت کی فراہمی خوشحال اور ترقی یافتہ پنجاب کی جانب انقلابی قدم ہے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شفاف قرعہ اندازی اور میرٹ پر زرعی اراضی الاٹ کی گئی ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار قرعہ اندازی کے ذریعے مفت زمین حاصل کرنے والے افراد میں ترقیاتی کاموں اور اراضی کو قابل استعمال بنانے کیلئے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں میاں حیدر علی بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد یوسف، محکمہ زراعت کے افسران اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کی خوشحالی اور شعبہ زراعت کی ترقی کیلئے گرین ٹریکٹر سکیم، کسان کارڈ اور لائیوسٹاک کارڈ پروگرام سمیت مختلف اقدامات کر رہی ہے ۔ جدید زرعی مشینری پر لاکھوں روپے کی سبسڈی بھی ملکی ترقی کے لیے اہم قدم ہے ۔ڈپٹی کمشنر سید حسین بہادر نے بتایا کہ شفاف طریقہ کار کے تحت حافظ آباد کے 22 بے زمین افراد میں 35 ایکڑ زرعی اراضی مفت تقسیم کی گئی ہے ۔ حکومت پنجاب کی جانب سے زمین کو آباد کرنے کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار روپے بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments