ٹریفک حادثات میں فوڈرائیڈر، خاتون سمیت 5افراد جاں بحق
امتیاز آخری آرڈر لے کر کے ڈی اے چورنگی جا رہا تھا،مقدمہ درج،ذمہ دار گاڑی میں سوار تین افراد زیرحراست کورنگی ناصر جمپ اورسپر ہائی وے پر دو موٹرسائیکل سوار نشانہ بنے، 55 سالہ عائشہ منگھوپیر میں حادثے کی نذر
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد میں ٹریفک حادثات کے دوران 4موٹر سائیکل سواروں سمیت 5افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں میٹرک آفس کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی شناخت 28 سالہ امتیاز کے نام سے ہوئی جو اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس ٹاؤن کا رہائشی اور فوڈ رائیڈر تھا۔متوفی کے دوست کے مطابق امتیاز رات بھر کام کرنے کے بعد آخری آرڈر لے کر ڈی اے چورنگی جا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ دوست نے الزام لگایا کہ گاڑی میں سوار افراد مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھے ۔ اس کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ پر پہنچنے والے امتیاز کے دوست کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ امتیاز کے بھائی نے بتایا کہ وہ گزشتہ چھ سال سے فوڈ رائیڈر کا کام کر رہا تھا اور ایک سال بعد اس کی شادی ہونا تھی۔ انہوں نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد عدیل احمد کے مطابق پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کرلیا ہے ، جس میں اذان نامی نوجوان کو نامزد کیا گیا ہے ۔
پولیس کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی اذان چلا رہا تھا۔ گاڑی میں سوار دیگر تین نوجوانوں کو بھی دفعہ 54 کے تحت حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا گیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔ ضابطے کی کارروائی کے بعد امتیاز کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔دوسری جانب رضویہ تھانے کی حدود میں نیو گولیمار، رضویہ کٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی عمر تقریباً 35 سال تھی اور تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے اس کی موت ہوئی۔ فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی۔ علاوہ ازیں کورنگی ناصر جمپ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا، متوفی کی شناخت نور احمد کے نام سے ہوئی، لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔سپر ہائی وے پر جمالی پل منڈی ہاؤس کے قریب ٹرک کی کار کو ٹکر کے نتیجے میں 19 سالہ محمد سفیان ولد محمد یاسر جاں بحق ہوگیا۔پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔ دریں اثناء منگھوپیر صائمہ عربین ولاز کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 55 سالہ عائشہ نامی خاتون شدید زخمی ہو گئی جو چند گھنٹوں بعد عباسی شہید اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments