نارا کینال کی تباہ حالی،کسانوں کا فیلڈ مارشل سے نوٹس کا مطالبہ
پانی کی غیر منصفانہ تقسیم اور نظام آبپاشی میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کرائی جائےسرکاری ،سیاسی شخصیات کے مبینہ گٹھ جوڑ سے ہاریوں کا حق متاثر ہو رہا، جاوید جونیجو
میرپورخاص (بیورو رپورٹ) فارمرز آرگنائزیشن کونسل (ایف او سی) سندھ کے چیئرمین جاوید علی جونیجو نے فیلڈ مارشل کو خط لکھ کر نارا کینال کی خراب صورتحال، پانی کی غیر منصفانہ تقسیم اور نظام آبپاشی میں مبینہ کرپشن پر ہنگامی نوٹس لینے اور انکوائری کا مطالبہ کر دیا۔ 22 اکتوبر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نارا کینال جو سندھ کی زراعت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور لاکھوں ایکڑ اراضی اور تھر تک کے ہاریوں کی روزی کا ذریعہ ہے ، مبینہ انتظامی غفلت اور بااثر افراد کی جانب سے غیر قانونی دیواریں اور پانی کے آؤٹ لیٹس قائم کرنے کے باعث تباہ حالی کا شکار ہے ۔ 14 ہزار کیوسک گنجائش کے باوجود ٹیل کے کاشتکار پانی کی شدید قلت اور وارہ بندی کا سامنا کر رہے ہیں۔
جبکہ محکمہ آبپاشی اور سیڈا کے بعض افسران اور بااثر سیاسی شخصیات کے مبینہ گٹھ جوڑ سے چھوٹے ہاریوں کا حق متاثر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نارا کینال پر قائم تمام غیر قانونی دیواروں اور آؤٹ لیٹس کا خاتمہ کیا جائے ،1990 سے اب تک تمام منصوبوں، ٹھیکوں، بھل صفائی اور کینال لائننگ کا آزاد مالی آڈٹ، مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرائی جائیں ، سیڈا میں تقرریوں، افسران کے اثاثوں کی شفاف جانچ کی جائے ،ٹیل کے ہاریوں کو پانی کی منصفانہ فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ جاوید جونیجو کا کہنا تھا نارا کینال قومی اثاثہ ہے ، اسے چند بااثر افراد کی مراعات کا ذریعہ نہیں بننے دیا جانا چاہئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments