میرپور خاص:سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کا عدالتی حکم

میرپور خاص:سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کا عدالتی حکم

پی ایم ڈی سی کی 3سالہ عائد پابندی تھر، میرپور خاص ریجن کیلئے نہیں، ہائیکورٹ14 سال سے منصوبہ مکمل نہ ہونے پرحیرت، 2028 سے کلاسز شروع کرنیکا حکم

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بنچ نے میرپورخاص میں منظور شدہ سرکاری میڈیکل کالج کو فعال کرنے سے متعلق آئینی درخواست منظور کرتے ہوئے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ کالج میں تمام ضروری انتظامات مکمل کرکے 2028ء کے تعلیمی سال سے تدریسی سرگرمیاں شروع کی جائیں، عدالت نے واضح کیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے نئے میڈیکل کالجز کے قیام پر عائد تین سالہ پابندی کا اطلاق تھرپارکر ریجن، بشمول میرپورخاص، پر نہیں ہوگا، دو رکنی بینچ نے 19 نومبر 2026ء کو آئینی درخواست نمبر S-661/2025 کی سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ PM&DCکی جانب سے 5 جنوری 2025ء کو نئے میڈیکل کالجز کے قیام پر تین سالہ پابندی کے باعث کالج فعال نہیں ہوسکا۔ عدالت نے اس امر پر حیرت اور تشویش کا اظہار کیا کہ 2012ء میں شروع ہونے والا منصوبہ تقریباً 14 سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکا۔

حالانکہ 2018ء تک تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہوچکا تھا اور اس منصوبے پر خطیر سرکاری فنڈز خرچ کیے جاچکے ہیں، عدالت نے PM&DC کے 19 فروری 2025ء کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ نئے میڈیکل کالجز کے قیام پر پابندی سے تھرپارکر، فاٹا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کو مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ فیصلے میں تاریخی پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا گیا کہ میرپورخاص 31 اکتوبر 1990ء تک ضلع تھرپارکر کا حصہ رہا اور تھرپارکر ریجن سے الگ ہوکر ضلع کی حیثیت اختیار کی اس لیے میرپورخاص بھی مذکورہ استثنیٰ میں شامل ہے عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے حکومت اور محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ میرپورخاص میں مجوزہ سرکاری میڈیکل کالج کے قیام اور اسے فعال بنانے کیلئے تمام ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں، اور 2028ء کے تعلیمی سال سے تعلیمی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...