1ہزار کلو مضر صحت گوشت تلف ، 3 سلاٹر ہاؤس سربمہر
فوڈفیکٹری، پکوان سنٹراورپان شاپ بھی سیل ،خفیہ رپورٹ پر آپریشن
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )1000 کلو مضر صحت گوشت تلف، 3 سلاٹر ہاؤس، فوڈفیکٹری، پکوان سنٹراورپان شاپ سیل کر دی گئی ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوانہ کا کہنا ہے کہ بیمار جانوروں کا گوشت تیار کرنے پر نور ڈیرہ سلاٹر ہاؤس کو سیل کر دیاگیا۔ میٹ سیفٹی ٹیموں نے گھوڑے شاہ میں کارروائی کرتے ہوئے زاہد اوربہادرنامی سلاٹر ہاؤس بھی سربمہر کردیے ۔انتہائی گندا بدبودار ماحول،غیر معیاری سٹوریج اورمذبح ایریا میں واش روم کی موجودگی پر کارروائی کی گئی۔حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور ملازمین کے میڈیکلزنہ ہونے پر سلاٹر ہاؤ س سیل کیے گئے ۔راوی ٹاؤن میں وحید دیسی فوڈ فیکٹری کوکھلے رنگوں،مضر صحت کیمیکلز کے استعمال پر سربمہر کیا گیا۔حشرات کی بہتات اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے ۔سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے پر راوی ٹاؤن میں جھولے لعل پکوان سنٹر کو سیل کر دیا گیا۔ممنوعہ گٹکا فروخت کرنے پر قصور میں بھولا پان شاپ کو سربمہر کیا گیا۔خفیہ رپورٹ پر آپریشن کیا گیا ۔