75نئی الیکٹرک بسیں کل سے راولپنڈی میں چلیں گی
پیرودھائی جنرل بس سٹینڈ کی اپ گریڈیشن، جدید سہولیات کی فراہمی کی ہدایت
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ندیم ناصر کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری آر ٹی اے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیرودھائی جنرل بس سٹینڈ کی اپ گریڈیشن، مسافروں کو جدید سہولیات کی فراہمی، انتظامی و مالی امور اور شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ راولپنڈی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت کو مزید بہتر بنانے کے لیے 75 نئی الیکٹرک بسیں شامل کی جا رہی ہیں، جن کی سروس کل سے شروع ہو جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ نئی بس سروس کے آغاز کے پیش نظر پیرودھائی جنرل بس سٹینڈ سمیت متعلقہ ٹرانسپورٹ مراکز پر ضروری انتظامات اور مسافروں کی سہولت کو یقینی بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے پیرودھائی جنرل بس سٹینڈ کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بس سٹینڈ کی دکانوں کو اصل معاہدوں کے برخلاف سب لیٹ کرنے کے معاملات کا جائزہ لیا جائے اور ایسے تمام معاہدوں پر نظرثانی کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کے مطابق ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے ، تاکہ بس سٹینڈ کے انتظامی اور مالی معاملات کو شفاف بنایا جا سکے ۔انہوں نے مسافروں کی سہولت، آمدن کے نظام میں شفافیت اور ٹرانسپورٹ آپریشنز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ای ٹکٹنگ نظام متعارف کرانے کی ہدایت بھی کی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments