شہر کی متعدد پرچون مارکیٹوں میں چینی غائب

شہر کی متعدد پرچون مارکیٹوں میں چینی غائب

فلیمنگ روڈ، گڑھی شاہو، ریلوے ورکشاپس ، جوڑے پل، ہربنس پورہ اور متعدد دیگر علاقوں میں چینی نہیں مل رہی، 85 روپے قیمت مقرر ہونے کے بعد چینی غائب،ذرائع83 روپے چینی ملنے کے بعد صورتحال بہتر ہوگی:ایک دکاندار، 50کلو کے 50 ہزار تھیلے 60 ڈیلروں کوفراہم :ڈی سی ، مہنگی چینی بیچنے والوں کیخلاف ایکشن جاری :انتظامیہ

لاہور(سہیل احمد قیصر)متعدد علاقوں کی پرچون مارکیٹوں میں چینی مہنگی ملنا تو درکنار، سرے سے ہی غائب ہوگئی ۔ انتظامی حکام نے ایک مرتبہ پھر صورت حال جلد بہتر ہونے کی یقین دہانی کرادی۔ تفصیلات کے مطابق عام مارکیٹ میں چینی کا بحران شروع ہوئے کئی دن گذر چکے ہیں لیکن حکام کے تمام تر دعوؤں کے باوجود چینی کی دستیابی جوئے شیر لانے کے مترادف ہے ۔ فلیمنگ روڈ، گڑھی شاہو، ریلوے ورکشاپس ، جوڑے پل، ہربنس پورہ اور متعدد دیگر علاقوں میں واقع پرچون کی دکانوں سے چینی نہیں مل پارہی۔ مارکیٹ فورسز کے مطابق حکومت کی طرف سے چینی کے نرخ 85 روپے فی کلو مقرر کیے جانے کے بعد اُن دکانداروں نے بھی چینی کی فروخت روک رکھی ہے جن کے پاس چینی موجود ہے ۔ اِس حوالے سے فلیمنگ روڈ کے ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے انہیں اکبری منڈی سے چینی 83روپے کلو میں فراہم کیے جانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جو متوقع طور پر انہیں آج سے ملنا شروع ہوجائے گی جس کے بعد صورت حال میں بہتری متوقع ہے ۔ دوسری طرف انتظامی حکام کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ چینی کی دستیابی کے حوالے سے صورت حال میں بتدریج بہتری آرہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض کا کہناہے کہ اب تک شہر میں 50 کلو کے 50 ہزار تھیلے 60 ڈیلروں کوفراہم کیے جاچکے ہیں۔ ڈی سی لاہور کے مطابق چینی کی سپلائی کا عمل شاہدرہ، علامہ اقبال زون، نعیم شہید روڈ ، گلبرگ اور دیگر علاقوں میں مکمل کیا گیا ہے جس کے بعد صورت حال میں بہتری آئی ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کی ایک پریس ریلز کے مطابق چینی مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں