3اضلاع کا بلڈنگ کنٹرول دوبارہ ایل ڈی اے کے سپرد

3اضلاع کا بلڈنگ کنٹرول دوبارہ ایل ڈی اے کے سپرد

لاہور (شیخ زین العابدین)پنجاب حکومت ایل ڈی اے کی حدود سے متعلق کوئی قانون سازی نہ کرسکی، قصور، ننکانہ اور شیخوپورہ کا بلڈنگ کنٹرول دوبارہ ایل ڈی اے کو سونپ دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے میٹنگ منٹس میں باقاعدہ طور پر تینوں اضلاع کو دوبارہ ایل ڈی اے میں شامل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا، گورننگ باڈی نے بلدیاتی نظام نافذ العمل نہ ہونے تک تینوں اضلاع کو ایل ڈی اے میں شامل کر دیا، گورنر پنجاب کی جانب سے جاری کردہ آرڈیننس کی میعاد11 اکتوبر 2021 کو ختم ہوگئی، 11 اکتوبر 2021 کے بعد گورنر پنجاب کے جاری کردہ آرڈیننس پر ایکٹ نہ بن سکا۔

موجودہ حکومت ایل ڈی اے کی حدود پر کوئی قانون سازی نہ کرسکی۔ حکومت کی جانب سے قانون سازی نہ ہونے کی وجہ سے تاحکم ثانی قصور، ننکانہ اور شیخوپورہ کا بلڈنگ کنٹرول ایل ڈی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا بلدیاتی نظام نافذ ہونے کے بعد قصور، ننکانہ اور شیخوپورہ کی حد بندی کا دوبارہ فیصلہ کیا جائے گا۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں