مافیا 60ارب روپے کما چکا: شہر میں چینی سستی نہ ہوسکی

مافیا 60ارب روپے کما چکا: شہر میں چینی سستی نہ ہوسکی

لاہور(عمران اکبر)سیکرٹری خوراک پنجاب کی معطلی کام آئی نہ سستی چینی کے اعلانات کو عملی جامہ پہنایاجا سکا، لاہور میں چینی سستی نہ ہو سکی۔

 شوگر مافیا 4 ماہ میں پہلے ہی 60 ارب کما گیا، مزید کمائی میں مصروف ہے ۔ تفصیل کے مطابق اوپن مارکیٹ میں تاحال چینی کی قیمتوں میں واضح کمی نہ ہو سکی۔ سٹہ باز، ملز مالکان، ڈیلرز پر کوئی اثر نہ ہو سکا، سب مال بٹورنے میں مصروف ہیں۔چینی مافیا حکومت اور متعلقہ محکموں پر بھاری ہو گیا۔اربوں روپے کی چینی پکڑنے کے دعوے بھی درست ثابت نہ ہو سکے ۔اوپن مارکیٹ میں چینی170 سے 175 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے ۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر 140روپے کلو چینی دینے کا حکم بھی بے اثر نظر آ رہا ہے ۔شہریوں کی جیبوں پر ڈاکے مارنے کا سلسلہ جاری ہے ، 30 سے 35 روپے کلو اضافی لئے جا رہے ہیں۔ہائیکورٹ سے سٹے ملنے پر مافیا پہلے ہی مہنگی ترین چینی بیچ کر 60 ارب ہتھیا چکا ہے ۔چند روز بعد برازیل کی مہنگی چینی پہنچنے والی ہے ، جو سبسڈی کے بغیر سستی ملنا ممکن نہیں،ماہ اکتوبر میں کرشنگ سیزن کی بھی آمد آمد ہے لیکن عوام کو سستی چینی ملنے کی فوری کوئی شکل نظر نہیں آ رہی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں