پلاسٹک سے تعمیر پہلی ظفر علی روڈ بیٹھ گئی ،ٹریفک روانی متاثر
لاہور (شیخ زین العابدین) پنجاب میں پہلی بار پلاسٹک ری سائیکل سے بننے والی سڑک بارش کے پانی کو برداشت نہ کرسکی،ظفر علی روڈ تعمیر کے ایک ماہ کے دوران ہی مختلف مقامات سے بیٹھ گئی۔
ٹریفک روانی متاثر ہونے لگی۔روزنامہ دنیا سروے کے مطابق محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی طرف سے پہلی پلاسٹک ظفر علی روڈ جم خانہ مال روڈسے جیل روڈ تک تعمیر کی گئی، تعمیراتی لاگت میں دو سو فیصد تک کمی آئی لیکن سڑک پائیدار ثابت نہ ہوسکی،4مقامات سے تین سے چار انچ تک بیٹھ گئی۔ حالیہ بارشوں کی وجہ سے جہاں دیگر سڑکوں پر شگاف پڑنے کے واقعات رونما ہوئے تو وہاں پلاسٹک ری سائیکل سے بننے والی سڑک نے بھی بارش کو برداشت نہ کیا، نگران پنجاب حکومت نے ستمبر 2023 میں پلاسٹک روڈ تعمیر کرائی تھی۔ سڑک محکمہ مواصلات و تعمیرات اور یو ای ٹی کے تعاون سے تعمیر کی گئی۔پنجاب حکومت نے ایک ماہ تک موجودہ پلاسٹک روڈ کا جائزہ لے کر مزید ایسی روڈزبنانی تھیں لیکن سڑک بیٹھنے سے اس کی پائیداری پر سوالیہ نشان پیدا ہوگیا۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور یو ای ٹی کے انجینئرز نے تحقیقاتی رپورٹ مرتب کرنا شروع کر دی۔