ڈیزائن میں تبدیلی، مہنگائی: شاہدرہ منصوبے کی لاگت 80 کروڑ بڑھ گئی

ڈیزائن میں تبدیلی، مہنگائی: شاہدرہ منصوبے کی لاگت 80 کروڑ بڑھ گئی

لاہور(شیخ زین العابدین)ڈیزائن میں تبدیلی اور مہنگائی کی لہر کے باعث شاہدرہ منصوبے کی لاگت میں ایک ارب روپے تک اضافہ ہوگیا۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور تعمیراتی سامان کے نرخ بڑھنے سے ٹھیکیدار نے 22کروڑ روپے اضافی مانگ لئے۔ تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے شاہدرہ ملٹی لیول گریڈ سیپریشن پراجیکٹ کے ریوائزڈ ڈیزائن کی منظوری دی جس کے بعدپراجیکٹ کی لاگت میں مبینہ طور پر اضافہ ہوگیا۔ مہنگائی کی لہر کی وجہ سے ریوائزڈ پی سی ون کے مطابق کنٹریکٹر کو ایسکلیشن بھی دینا پڑے گی۔پراجیکٹ کا ابتدائی تخمینہ 8ارب 90کروڑ 90لاکھ روپے تھا۔پرانے پی سی ون کے مطابق شاہدرہ چوک پر3لیول فلائی اوور تعمیر کئے جانے تھے ۔ پنجاب حکومت نے راوی بریج کی توسیع کی بھی منظوری دیتے ہوئے منصوبے کا حصہ بنایا۔راوی بریج کی توسیع شاہدرہ پراجیکٹ میں شامل ہونے کے بعد لاگت میں اضافہ ہوا۔ ریوائزڈ پی سی ون کے مطابق شاہدرہ منصوبے کی لاگت 9 ارب 70 کروڑ روپے تک پہنچ گئی،یوں لاگت 80کروڑ 10 لاکھ روپے بڑھ گئی۔کنٹریکٹر کو ایسکلیشن کی مد میں 22 کروڑ روپے اضافی ادا کرنا ہونگے ۔ایل ڈی اے نے تخمینہ لاگت میں اضافے کی منظوری کا ورکنگ پیپر محکمہ ہاؤسنگ کو ارسال کر دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں